یورپی یونین نے خانہ جنگی کے شکار عرب ملک شام کی ہمسایہ ریاستوں میں شامی مہاجرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اضافی طور پر ایک ارب یورو مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹُسک کے مطابق اس بات پر اتفاقِ رائے آج جمعرات کو برسلز میں یورپی یونین کے سربراہانِ مملکت و حکومت کے مابین ایک خصوصی سمٹ کے موقع پر عمل میں آیا۔ یہ رقم عالمی خوراک پروگرام ڈبلیو ایف پی اور اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین یُو این ایچ سی آر کو دی جائے گی۔ اس خصوصی سربراہ کانفرنس میں نومبر کے اواخر تک اٹلی اور یونان کے ساتھ ساتھ بلغاریہ میں بھی مہاجرین کی رجسٹریشن کے خصوصی مراکز کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔